• news

3 پی ایس ایل ٹیموں کی سکیورٹی‘ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا:سی سی پی او


لاہور(نامہ نگار)لاہور میں گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے میچ کی سکیورٹی کیلئے پولیس نے انتہائی سخت انتظامات کئے تھے۔قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان میچ کے پر امن انعقاد کیلئے لاہور پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے۔کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو بھرپورسکیورٹی فراہم کی گئی۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے پی ایس ایل میچ کے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ٹیموں کے روٹس، سٹیڈیم سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر ،ایس پی ماڈل ٹاؤن ڈاکٹر عمارہ شیرازی اور دیگر سینئر پولیس افسران ان کے ہمراہ تھے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ٹیموں کی سکیورٹی و سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو مکمل فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔حالیہ میچز سکیورٹی کیلئے پی ایس ایل سیون سے زیادہ بہتر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن میں ہیں۔سی سی پی او لاہور نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے پی ایس ایل ٹیموں کی قیام گاہوں سے سٹیڈیم روانگی کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔پی ایس ایل ایٹ کے لاہور کے میچز کی سکیورٹی پر 11 ایس پیز، 34 ڈی ایس پیز، 443 اپر سب آرڈینیٹس، 162 لیڈی پولیس اہلکاروں سمیت 8 ہزار سے زاہد پولیس و ٹریفک افسران اور جوان تعینات کئے گئے۔کھلاڑیوں، آفیشلز، انٹرنیشنل میڈیا کی قیام گاہوں،سٹیڈیم اور روٹ پرڈولفن سکواڈ کی 107، پی آر یو کی 58 اور ایلیٹ فورس کی43 ٹیمیں پٹرولنگ کرتی رہیں جبکہ بلند مقامات پر سنائپرز بھی تعینات تھے۔

ای پیپر-دی نیشن