• news

وزیراعظم کاکپاس کی امدادی قیمت 8500 روپے فی من کا اعلان لائق تحسین :گورنر پنجاب


لاہور (کامرس رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ بوائی سے قبل وزیراعظم کی جانب سے کپاس کی امدادی قیمت 8500 روپے فی من مقرر کرنے کا اعلان لائق تحسین ہے جس سے کپاس کے کاشتکار کو زیادہ سے زیادہ رقبے پر کپاس کاشت کرنے کا حوصلہ ملے گا۔ گزشتہ دہائی میں کپاس کی ایک کروڑ 44 لاکھ گانٹھ پیداوار حاصل کرنے کے بعد بتدریج کپاس کی پیداوار میں تقریباً 3 گنا تک کمی قومی معیشت کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے جسے سنبھالا دینے کیلئے سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک سے اعلیٰ کوالٹی کے بیج کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیج کپاس کی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں بیج کپاس کی کمیٹی کے کنونیئر ڈاکٹر خالد حمید چیئرمین تارا گروپ پاکستان نے سفارشات پیش کیں۔اجلاس میں کمیٹی کنونیئر ڈاکٹر خالد حمید کے علاوہ ممبران میں شہزاد علی ملک، ڈاکٹر محمد سلیم حیدر، ڈاکٹر انجم علی، ڈاکٹر عابد محمود، محمد عاصم، طاہر سلیمی، محمد ادریس اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد و ملتان کے نمائندوں نے شرکت کی۔دریں اثناءپاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر حسین صدر کی قیادت میں وفد نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ملاقات کی جس میں ٹیکس دہندگان،ٹیکس بارز کو درپیش مسائل اورمعاشی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے ایجوکیشن پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ انقلابی پروگرام ہے جو سکولوں ،کالجز اوریونیورسٹیز تک پہنچنا چاہیے ،اس سے نوجوان ہمارے ٹیکس کلچر اور ٹیکس کی اہمیت کو جان سکیں گے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے وفد کو مسائل اور معاملات کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مل کر مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا کیونکہ ٹیکس دہندگان اور ٹیکس بارزملک وقوم کی ترقی خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن