پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے وفد کی فیفا ‘اے ایف سی حکام سے ملاقات
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے وفد کی فیفا اور اے ایف سی حکام سے ملاقات میں پاکستان فٹبال کے معاملات کا جائزہ لیا گیا، این سی کے چیئرمین ہارون ملک،دیگر ارکان شاہد نیاز کھوکھر اور سعود ہاشمی کے ہمراہ روانڈا میں ہونے والی فیفا کانگریس میں شرکت کی۔ پاکستانی وفد نے فیفا اور اے ایف سی حکام کو پی ایف ایف کے آزادانہ، صاف اور شفاف انتخابات کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت اور طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ فیفا حکام نے جمہوری عمل کو مکمل کرنے کیلئے نارملائزیشن کمیٹی کو ہر ممکن سپورٹ کا یقین دلاتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام تر کارروائی پی ایف ایف آئین کے مطابق صاف اور شفاف انداز میں ہونا چاہیے۔ کانگریس کے اطراف میں پی ایف ایف حکام کی روانڈا، سعودی عرب، فلسطین، قطر، جاپان، نیوزی لینڈ، بھارت اور بھوٹان کے فٹبال حکام سے بات چیت میں مستقبل میں کھیل کے فروغ کیلئے باہمی تعاون کی فضا کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔