طاہر بیگ کی نصف سنچری پشاور زلمی آئوٹ لاہور قلندرز فائنل میں پہنچ گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پی ایس ایل 8 کے فائنل میں جگہ بنالی۔ دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے محمد حارث کی نصف سنچری کی بدولت دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 172 رنز کا ہدف دیا جو لاہور قلندرز نے 18.5 اوورز میں 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ فاتح ٹیم فائنل میں ملتان سلطانز سے آج مقابلہ کریگی ۔میچ رات سات بجے قذافی سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائیگا۔ پشاور زلمی کی ٹیم ایونٹ سے باہرہوگئی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔اننگز کا آغاز صائم ایوب اور بابر اعظم نے کیا ‘ صائم ایوب 15 کے مجموعے پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔بابر اعظم 42 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔محمد حارث 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پشاور زلمی نے 5 وکٹوںپر 171 رنز بنائے۔زمان خان اور راشد خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین نے 4 اوورز میں 41 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہور قلندرز نے ہدف 18.5 اوورز میں 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ مرزا بیگ 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔سکندر رضا 14 گیندوں پر 23 اور شاہین آفریدی 4 گیندوں پر 12 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ عظمت اللہ عمر زئی نے 2، وہاب ریاض، عامر جمال اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔مراز طاہر بیگ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔