عمران کے فا شٹ رجحانات عیاں : شہباز شریف ، پی ٹی آٗی دہشت گرد جما عت: مریم نواز
اسلام آباد (نمائندہ خصوصوصی+ اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر کسی کو کوئی شک ہو تو دیکھ لے کہ عمران نیازی کی گزشتہ چند دنوں کی حرکات نے اس کے فاشسٹ اور عسکریت پسندانہ رجحانات کو عیاں کر دیا ہے۔ ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے سے لے کر پولیس پر پٹرول بم پھینکنے سے، عدلیہ کو دھمکانے کے لیے جتھوں کی قیادت تک، اس نے آر ایس ایس کی کتاب سے ایک پرچہ نکال لیا ہے۔ مزید برآں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی سید جاوید حسین شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سید جاوید حسین شاہ نے اپنے حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ مزید برآں مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کو سیاسی لیڈر کہنا سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کی توہین ہو گی۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو لانے والے اپنے بدترین انجام کو پہنچے۔ ان کی سیاست بھی رسوائی کے ساتھ اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اب پتہ چلا کہ جب سے اس دہشتگرد عمران کو زبردستی سیاست میں گھسیٹا گیا تب سے ملک فتنہ اور انتشار کا شکار کیوں ہے۔ پی ٹی آئی ایک دہشتگرد جماعت ہے جس کے سرغنہ نے قانون اور سزا سے بچنے کے لیے شرپسند اور تربیت یافتہ دہشتگرد اپنے گھر میں رکھے ہوئے ہیں۔ مریم نواز نے کہا پاکستان میں سیاسی رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ نہتے جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔ مریم نواز نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ اگر زمان پارک میں صرف ایک خاتون موجود تھی تو پولیس پر اندر سے گولیاں اور پٹرول بم کون برسا رہا تھا، جھوٹ بولنے سے پہلے سوچتے نہیں، عمران خان کو گرفتاری سے زیادہ اپنے مکروہ اعمال کا خوف ہے۔ سیاست دان بہادر ہوتے ہیں، گرفتاری اور احتساب سے نہیں ڈرتے، گرفتاری اور احتساب سے صرف چور، ڈاکو اور دہشت گرد ڈرتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی چیف آگنازئر و سینئر نائب صدر مریم نواز سابق وزیراعظم عمران خان کی عدالت میں حاضری کی درخواست پر طنز کیا ہے۔ عمران خان نے اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پولیس مجھ پر شیلنگ کر رہی ہے، پولیس عدالت میں داخل نہیں ہونے دے رہی، لہذا اپنا سٹاف بھیج کر میری حاضری قبول کریں۔ مریم نواز نے عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ شرم آئی؟ میں تو نہتی تھی کمرے میں سو رہی تھی جب تم نے دھاوا بولا تہمارے گھر سے تو دہشتگرد اور ہتھیار برآمد ہوئے جس کے مناظر پوری قوم نے میڈیا پر لائیو دیکھے جھوٹے ڈرامے بند کرو اور قانون کا سامنا کرو بزدلی انسان گرفتاری کے خوف سے عدالت کے دروازے سے فرار ہو گئے۔