• news

 کوریج پر پابندی، انٹرنیٹ سروس  معطل، ہسپتالوں میں ایمرجنسی 


  اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی ) عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہیں۔ ہفتہ کو عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں سخت سکیورٹی رہی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد میں تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ہفتہ کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایمبولینس اور آگ بجھانے والی گاڑیوں کو راسہ دیں۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا ) نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی پارٹی کی طرف سے کسی بھی قسم کی ریلی، عوامی اجتماع، جلوس کی لائیو/ریکارڈ کوریج پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا )کی جانب سے 18مارچ 2023ء کو جاری کیے گئے خط کے مطابق پیمرا آرڈینینس 2002ء کے سیکشن 27 کے تحت لائیو کوریج پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پیمرا کے مطابق اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں امن و امان/سکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے سے موصول ہونے والے 18-03-2023ء کے خط کے حوالے سے یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔ پیمرا خط میں کہا گیا ہے کہ تشویش کے ساتھ دیکھا گیا ہے کہ سیٹلائٹ ٹی وی چینلز پرتشدد ہجوم، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کی لائیو فوٹیجز/تصاویر دکھا رہے ہیں۔ اس طرح کے مواد کو نشر کرنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن