احتجاج نہیں، اب ظلم کے خلاف مزاحمت کرینگے: خالد مقبول
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے 39 ویں یوم تاسیس کے جلسہ سے خطاب میں کہا ہے کہ ایم کیو ایم اب احتجاج نہیں ہر ظلم و زیادتی کے خلاف مزاحمت کرے گی۔ آج کراچی نے پورے پاکستان کو پیغام دے دیا ہے پاکستان کے غریب لوگوں کا نصیب نہیں بدلہ 75 سال بعد بھی حکمران عوام اپنے اپنے مقدر پر خوش ہیں تو پھر کچھ بدلنے والا نہیں۔ 18 مارچ کو یوم تاسیس 23 مارچ کو یوم پاکستان یہ مہینہ ہماری تاریخ کا تسلسل ہے، اب ایک نئی تازہ جدوجہد کا آغاز کرنا چاہئے۔ حکمران اپنی روش پر قائم ہیں تو کچھ بدلنے والا نہیں۔ پاکستان میں دو ہی قوتیں ہیں ایک ظالم اور دوسرا مظلوم ہے۔ اثرات عوام تک نہ پہنچیں اسے جمہوریت نہ سمجھا جائے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے بکھرے ہوئے لوگ متحد ہو گئے۔ تمام جماعتوں کے منتظم سازش کے ذریعے ایم کیو ایم کو بلدیاتی الیکشن سے باہر کیا۔ آئندہ انتخابات میں صرف نوجوان قیادت کو سامنے لائیں گے۔