پاکستان کیساتھ تجارت، سرمایہ کاری میں اضافہ ترجیح: امریکی سفیر
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکہ کے تعاون سے ہونے والی تجارتی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینا اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا امریکی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ دو روزہ " یو ایس پاکستان انوویشن ایکسپو" افتتاح ہوا۔ نمائش کا مقصد حکومتِ امریکہ کی معاونت سے فعال ہونے والے نئے پاکستانی کاروباری سلسلوں (سٹارٹ اپس) کی کامیابیوں کی کہانیوں کو اْجاگر اور اْن کے لیے مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ امریکی اور پاکستانی تاجر سرمایہ داروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطہ کاری کی سہولت کاری بھی ہوئی۔ افتتاحی خطاب میں ڈونلڈ بلوم نے کہا امریکہ پہلے ہی پاکستانی مصنوعات کے لیے سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے جبکہ ہم سال بہ سال پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں سے مالامال مْلک ہے لیکن کامیابی کی اگلی منزل تک رسائی کے لیے اختراع پسندی اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ 2021ء سے لیکر اب تک امریکی سفارتخانہ ایک کروڑ سنتالیس لاکھ ڈالر مالیت کے181 سے زائد کاروباری منصوبوں کو مالی معاونت فراہم کر چْکا ہے۔ مہمان ِخصوصی وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونی کیشن تھے۔ انہوں پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کی حمایت کرنے پر امریکی حکومت کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔