حکومتی رٹ ختم ہو چکی، سیاسی لیڈر کی پیشی پر اسلام آباد سیل کر دیا گیا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں حکومتی رٹ ختم ہو چکی، ایک سیاسی لیڈر کے عدالت میں پیش ہونے پر پوری موٹروے اور وفاقی دارالحکومت کو سیل کر دیا گیا۔ سب کو کہتا ہوں کھیل بند کریں، عوام کو شفاف طریقے سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار دیا جائے، ملک میں ایک روز قومی انتخابات وقت کی ضرورت اور بحرانوں کے حل کا واحد راستہ ہیں۔ پ±رامن انتخابات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہو گا ورنہ الیکشن کے بعد تصادم میں اور اضافہ ہو گا۔ صوابی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قومی سیاست پر 75برسوں سے جرنیلوں کا قبضہ ہے۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی کی حکومت بھی وہی لوگ لائے جنھوں نے پی ٹی آئی کو مسلط کیا، گزشتہ پانچ برسوں میں 15سیاسی جماعتوں کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، اسٹیبلشمنٹ دہائیوں سے ملک پر اپنے ایجنٹ مسلط کر رہی ہے۔ اب قوم کی حالت پر رحم کھایا جائے۔ جلسہ میں مختلف سیاسی جماعتوں سے سیکڑوں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں جاری صورت حال کے دوران عدالتی نظام پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ، مختلف عدالتوں کے فیصلوں میں واضح تضاد ہے۔ طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون ہے۔ توشہ خانہ رپورٹ میں سب کے کرتوت سامنے آ گئے، اس سے قبل پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں بھی انہی لوگوں کے نام آئے، انھوں نے اداروں کو کمزور اور متنازعہ بنایا۔ ملک کی باگ ڈور آئی ایم ایف کے ہاتھوں میں ہے۔ انوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ماہ رمضان کے تقدس میں مہنگائی میں 50فیصد کمی کرے۔ گوادر کو حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن کو فوری رہا کیا جائے اور الیکشن کمشن کراچی میں بلدیاتی انتخابات مکمل کرے۔
سراج الحق