مولانا قاری جمیل الرحمن اختر کی نمازِ جنازہ ادا،مقامی قبرستان میں سپرد خاک
لاہور(خصوصی نامہ نگار)سرپرست عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور، پاکستان شریعت کونسل پنجاب کے امیر پیر طریقت،جانشین مفسر قرآن مولانا قاری جمیل الرحمن اختر کی نمازِ جنازہ گورنمنٹ ہا ئی سکول باغبانپورہ کے وسیع گراؤنڈ میں اداکردی گئی اور مقامی قبرستان میں ہزراوں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں ملک بھر سے علماء ، قراء دینی و سیاسی اور سماجی شخصیات نے ہزاروں کی تعداد میں شر کت کی۔ نمازہ جنازہ مرحوم کی وصیت کے مطابق ان کے صاحبزادے پیرجی مولانا محمد زبیر جمیل کی امامت میں ادا کردی گئی۔نماز جنازہ سے قبل صاحبزادگان مولانا حافظ عبید الرحمن معاویہ،حافظ خبیب جمیل،حافظ عمیر جمیل نے اکابر علماء کی مشاورت سے اپنے بھائی مولانا حافظ محمد زبیر جمیل کو اپنے والد کا جانشین اپنا بڑا اور امیر مقرر کیا اور اکابر علماء کرام نے ان کی دستاربندی کی۔ نمازِ جنازہ میں صاحبزادگان مولانا عبید الرحمن معاویہ جمیل، حافظ خبیب جمیل، حافظ عمیر جمیل کے علاوہ مفکراسلام مولانا زاہد الراشدی، پیر طریقت رہبر شریعت، شیخ الحدیث حضرت مولانا محب النبی،شاہین ختم نبوت،مولانا اللہ وسایا، مولانا محمدیوسف خان اور دیگر موجود تھے۔