جنرل ہسپتال:منی فیلوشپ پروگرام میں 200پاکستانی،10غیر ملکی ڈاکٹرز کی تربیت مکمل
لاہور(نیوز رپورٹر)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ملکی ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک کے ڈاکٹرز کو بھی مختلف شعبوں میں عالمی معیار کی طبی تعلیم و تربیت فراہم کرنے میں پیش پیش ہے اور پی جی ایم آئی کے اساتذہ کی خدمات کا دیگر ممالک بھی اعتراف کرتے ہیں اور نوجوان آرتھو کنسلٹنٹس کیلئے منی فیلو شپ پروگرام کے تحت 200پاکستانی اور 10غیر ملکی ڈاکٹرز نے آرتھو پیڈک اور سپائن سرجری کی مختلف سپیشلسٹز میں اپنی تربیت مکمل کر کے اس بات کو ثابت کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے پروفیسر میاں محمد حنیف کی زیر نگرانی منی فیلوشپ کے10ویں بیج مکمل ہونے پر تقسیم اسناد کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پروفیسر الفرید ظفر نے انکشاف کیا کہ پی جی ایم آئی اور لاہور جنرل ہسپتال کا دیگر ممالک کے علاوہ محکمہ صحت سے بھی قریبی رابطہ ہے اور بیرون ملک سے مزید ڈاکٹرز تربیت کیلئے ایل جی ایچ شعبہ آرتھوپیڈک کا رخ کر رہے ہیں اور ہم ڈاکٹرز کی ٹریننگ کے مربوط پروگرام پر کامیابی کے ساتھ عمل پیرا ہیں۔ جبکہ یہ سلسلہ آئندہ برسوں میں بھی کامیابی کے ساتھ جاری رہے گا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔