معاہدے کیلئے پاکستان کے نیو کلیئر اثاثوں سے متعلق شرط عائد نہیں کی ‘ آئی ایم ایف کی تردید
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ ) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے سٹاف لیول معاہدے کیلئے پاکستان کے نیو کلیئر اثاثوں سے متعلق کوئی شرط عائد کرنے کی تردید کردی۔ آئی ایم ایف کی نمائندہ برائے پاکستان ایسٹر پریز نے اپنے بیان میں کہا ہے پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے متعلق قیاس آرائیوں میں کسی قسم کی کوئی سچائی نہیں۔ ایسٹر پریز نے اپنے بیان میں کہا آئی ایم ایف اورپاکستان کے درمیان معاہدے میں نیو کلیئر پروگرام کو جوڑنے میں کوئی سچائی نہیں، پاکستان سے مذاکرات صرف معاشی پالیسی پر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان کے معاشی مسائل اور بیلنس آف پیمنٹ کا مسئلہ حل کیا جائے،آئی ایم ایف کا یہ مینڈیٹ ہے تاکہ معاشی استحکام کی بحالی کی جاسکے۔