• news

رمضان سے قبل مہنگائی کا طوفان، سبزیاں ، پھل 50روپے کلو تک مہنگے


لاہور،اسلام آباد(نیوزرپورٹر،کامرس رپورٹر،این این آئی)رمضان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا طوفان آگیا، سبزیوں پھلوں کی قیمتوں میں چالیس سے پچاس روپے فی کلو تک اضافہ کر دیا گیا، جبکہ ماڈل بازاروں میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔لاہور کی اوپن مارکیٹوں میں رمضان سے قبل ہی مہنگائی کا طوفان آ گیا ،انتظامیہ کی طرف سے چیکنگ کا سخت نظام نہ ہونے کی وجہ سے دکاندار پھل اور سبزیاں سرکاری نرخنامے کی بجائے من مانے نرخوں پر فروخت کرتے ، اتوار بازاروں میں قیمتیں کنٹرول میں رہیں تاہم کئی اتوار بازاروں میں شہریوں کی جانب سے پھلوں اور سبزیوں کے ناقص معیار کی شکایات کی گئیں۔جبکہ اسلام آباد میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں چالیس سے پچاس روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا،بڑھتی قیمتوں پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا۔جبکہ سیکرٹری انڈسٹریز احسان بھٹہ کی ہدایت پر پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوشاں ہے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر کے ماڈل بازاروں میں پورا رمضان بغیر سبسڈی سرکاری نرخوں سے بھی کم قیمت پر اشیا فراہم کرینگے۔ماڈل بازاروں میں سہولت کاؤنٹرز پر خصوصی ریلیف پیکج متعارف کروایا گیا سہولت پیکج پر اشیا خورونوش کو سرکاری نرخوں سے بھی 12 سے 15 فیصد کم رکھا گیا ہے۔ سبزی و پھل سہولت سٹالز پر بھی 5 سے 15 روپے تک کا ریلیف پورا رمضان دیا جائیگا۔احسان بھٹہ کا کہنا تھا کہ  پنجاب ماڈل بازار عوام کو رمضان المبارک میں ریلیف فراہم کرنے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا ۔

ای پیپر-دی نیشن