• news

کم آمدن شہریوں کو 50 روپے سبسڈی دینے کا فیصلہ 

 اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم آمدن والے غریب شہریوں کیلئے 50 روپے فی لیٹر تک پٹرولیم ریلیف پیکیج تیار کیا جائے اور پٹرولیم سبسڈی میں موٹر سائیکل، رکشہ،کے علاوہ 800 سی سی سمیت دیگر چھوٹی گاڑیوں استعمال کرنے والے تمام کم آمدن صارفین کو شامل کیا جائے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کم آمدن پٹرولیم صارفین کے لئے پٹرولیم ریلیف پیکج پر جائزہ اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پٹرولیم سبسڈی کے لئے 50 روپے فی لیٹر تک کی رقم مختص کی جائے اور پٹرولیم سبسڈی کا عملی پروگرام  جلد از جلد  مکمل کیا جائے۔ پٹرولیم سبسڈی پر موثر عمل درآمد کیلئے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کریں۔  وزیراعظم نے کہا کہ موٹر سائیکل رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں کم آمدن عوام کی سواری ہے اس کے لئے پٹرولیم سبسڈی براہ راست غریب عوام کے ریلیف کا باعث بنے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پٹرولیم سبسڈی میں موٹر سائیکل، رکشہ،کے علاوہ 800 سی سی سمیت دیگر چھوٹی گاڑیوں استعمال کرنے والے تمام کم آمدن صارفین کو شامل کیا جائے۔انہوں نے اجلاس کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت  شدید معاشی مشکلات کے باوجود غریب عوام کی ہر ممکن مدد کے لیے کوشاں ہیں۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے اجلاس کو کم آمدن افراد تک پیٹرولیم سبسڈی کی فراہمی کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار،وزیراعظم کے مشیر احمد چیمہ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پٹرولیم اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیر عظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کا شاندار اختتام پرفاتح ٹیم اور منتظمین کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعطم شہباز شریف نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کا شاندار اختتام ہو گیا ہے، ایونٹ کو کامیاب بنانے پر چیئرمین پی سی بی، سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلی، صوبائی انتظامیہ، پولیس اور شریک ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نے تماشائیوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے اسے اپنی توانائی اور جوش سے متحرک رکھا۔

ای پیپر-دی نیشن