شاہ سلمان نے ایرانی صدر کو دورے کی دعوت دے دی‘ ابراہیم رئیسی کا خیرمقدم
تہران‘ ریاض (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دے دی۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق ایرانی صدر کے نائب چیف آف سٹاف سیاسی امور محمد جمشیدی نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی فرمانروا نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو ریاض مدعو کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی فرمانروا نے ایرانی صدر کے نام خط لکھا اور دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔ محمد جمشیدی کا کہنا تھاکہ شاہ سلمان نے ایران سعودی مضبوط اقتصادی، علاقائی تعاون پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھاکہ ایرانی صدر رئیسی نے سعودی فرمانروا کی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے اور سعودی عرب سے تعاون بڑھانے کیلئے ایران کے تیار ہونے کا کہا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ کہ تہران اور ریاض کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ پورے خطے کے مفاد میں ہے اور استحکام کے حصول کے لیے محرک ثابت ہو سکتا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کنعانی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاہدہ علاقائی تعاون کو یکجا کرنے اور فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبدالہیسانی نے کہا ہے کہ سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے جلد ملاقات کروں گا۔
شاہ سلیمان/ دعوت