ایٹمی اثاثوں پر کوئی سوال نہیں کرسکتا،وزیراعظم پالیسی بیان دیں،شاہ محمود
لاہور(نیوزرپورٹر) تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایٹمی اثاثوں کے بارے میں سوال کرنے کا حق کسی کو بھی نہیں ہے۔ ہم ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کے بارے میں دنیا کو مطمئن کر چکے ہیں، بہت سے ماہرین اس بات سے اتفاق کر چکے ہیں کہ ہمارا سیفٹی نظام عالمی معیار کا ہے۔ہمارے ایٹمی اثاثوں کے بارے میں سوال جواب کرنے کا حق کسی کو بھی نہیں ہے، یہ کون ہوتے ہیں پوچھنے والے کہ ہمارا پروگرام کیسا ہونا چاہیے، اس کی نوعیت کیا ہونی چاہیے، میزائل کی رینج کیا ہونی چاہیے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا واضح مؤقف رہا ہے کہ ہمارا پروگرام دفاعی نوعیت کا ہے، جارحانہ عزائم نہ تھے اور نہ ہیں۔پڑوسی ملک نے اس بات کی پہل کی اور ہم نے دفاعی نوعیت میں پروگرام بنایا کیونکہ پڑوسی ملک نے پاکستان کو دولخت کیا اور حال ہی میں بھارتی وزیراعظم نے پاکستانی عوام سے مخاطب ہوکر خطاب کیا جن کے ارادے کسی سے چھپے نہیں ہیں۔ایٹمی پروگرام اور اثاثوں پر گفتگو کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے، ان اثاثوں پر قومی اتفاق رائے ہے اور اس پر پاکستان کی عسکری و سول قیادت کا اتفاق ہے، طویل تسلسل سے ہم نے اپنے دفاع کے لیے پروگرام کو محفوظ رکھا ہے۔ وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے پر پالیسی بیان جاری کریں ،وزیر اعظم کو نہیں تو وزیر خارجہ کو فوری طور پر آنا چاہیے تھا اور کہنا چاہیے تھا کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے، وضاحت کرنی چاہیے تھی لیکن وہ اپنی دنیا میں گم ہیں۔
شاہ محمود