• news

سعودی عرب کے ساتھ معاہدہ خطے کے لیے اہم ہے،ایران


تہران (این این آئی)ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ کہ تہران اور ریاض کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ پورے خطے کے مفاد میں ہے اور استحکام کے حصول کے لیے محرک ثابت ہو سکتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کنعانی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاہدہ علاقائی تعاون کو یکجا کرنے اور فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ناصر کنعانی نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ خطے کے ملکوں کے مفاد کے لیے موجودہ اختلافات اور مسائل کو بات چیت، باہمی احترام اور اچھی ہمسائیگی کے ذریعے حل کیا جائے۔یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا تھا کہ تہران کے ساتھ معاہدے کا مطلب دونوں فریقوں کے درمیان تمام اختلافات کو حل کرنا نہیں ہے بلکہ یہ دونوں کی اس مشترکہ خواہش کا اظہار ہے کہ اختلافات کو رابطوں اور گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ یہ معاہدہ، جس کی سرپرستی اور ثالثی چین نے کی تھی، عراق اور سلطنت عمان میں گزشتہ دو سالوں کے دوران بات چیت کے کئی ادوار کے بعد عمل میں آیا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے 10 مارچ 2023 کو اعلان کیا تھا کہ وہ سفارتی تعلقات بحال کرنے اور زیادہ سے زیادہ دو ماہ کے اندر دونوں ممالک کے سفارتخانے کھولنے کے معاہدے پر پہنچ گئے ہیں۔ اس اقدام کا عرب دنیا اور عالمی برادری میں وسیع پیمانے میں خیر مقدم کیا گیا تھا۔
ایران

ای پیپر-دی نیشن