• news

حکومت جموںکشمیر کے حل تک بھارت کیساتھ سفارتی تعلقات ختم کرے:عبدالغفارروپڑی 


لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے کشمیر کی موجودہ صورتحال تشویشناک قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کا نہتے کشمیری مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے جس پر حکمران تقریروں اور نعروں سے آگے بڑھ کر سنجیدگی سے عملی اقدامات نہیں کررہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جامع القدس چوک دالگراں میں کشمیری رہنماؤں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔حافظ عبدالوھاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر، حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی، مولانا امجد اقبال گھمن، مولانا بشیر سلفی بھی موجود تھے۔ ہر روز بھارتی فوج کشمیر میں مظلوم انسانوں کا قتل عام اور عورتوں کی عزتیں لوٹ رہی ہے جس پر عالمی برداری بے حسی کی تصویر بنے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ کشمیر کی آزادی کیلئے افواج پاکستان اور حکمرانوں کو عملی اقدامات کرتے ہوئے بھارت کو اس کی زبان میں جواب دینا ہوگا۔ بھارت لاتوں کا بھوت ہے باتوں سے نہیں مانے گا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت کے ساتھ مکمل طور پر تجارتی اور سفارتی تعلقات ختم کرے اور کشمیر کی عملی مدد کیلئے اقدامات کرتے ہوئے پوری دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ آشکار کرے۔

ای پیپر-دی نیشن