سرمایہ دارانہ وجاگیر دارانہ نظام کی تبدیلی کے بغیر پاکستان خوشحال نہیں ہو سکتا: قیوم نظامی
لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان جاگو تحریک گوجرانولہ نے ایک سیمینار کا انعقاد صراط مستقیم انسٹی ٹیوٹ میں کیا جس کا اہتمام جاگو تحریک گوجرانولہ ڈویژن کے صدر افضال انقلابی اور ضلعی صدر انجینئر ہشام علی نے کیا۔ پاکستان جاگو تحریک پنجاب کے صدر زبیر شیخ نے صدارت کی۔ پاکستان جاگو تحریک کے بانی قیوم نظامی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے انتہائی سنگین اور حساس بحران سے گزر رہا ہے جو انگریزوں کے رائج سرمایہ دارانہ وجاگیر دارانہ نظام کی پیداوار ہے جب تک کلونیل سیاسی معاشی انتظامی اور عدالتی نظام کو تبدیل نہیں کیا جاتا پاکستان خوشحال نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کے سیاسی اور مذہبی لیڈروں کو اتفاق رائے سے انقلابی اصلاحات کا قومی ایجنڈا تیار کرنا چاہیے۔ سیمینار سے جاگو تحریک کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد علی خان منہاج القرآن کے رہنما ڈاکٹر منیر ھاشمی صراط مستقیم سینئر کے ڈاکٹر قیصر منیر عام آدمی پارٹی کے فضل ربانی جاگو تحریک کے انجینئر ہشام علی اور دانشور افضال انقلابی نے اظہار خیال کیا شرکاءمیں جاگو تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر توقیر صادق لاہور کے صدر طیب احمد پنجاب کے جنرل سیکرٹری مقصود خان شامل تھے۔