سیاسی فرقہ پرستی عروج پر جو ملک کیلئے نقصان دہ ہے:غلام شبیر قادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)مولانا محمد عبدالستار خان نیازی ٹرسٹ کے مرکزی صدر جمعیت علمائے پاکستان کے سینئر رہنما میاں غلام شبیر قادری نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی فرقہ پرستی عروج پر ہے جو ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔ سیاستدان ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے مذاکرات کی میز پر بیٹھیں۔ سیاستدانوں سمیت پوری قوم فرقہ پرستی کو ترک کر کے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لے کامیابی اسی میں ہے۔ بھارت سے مذاکرات ہو سکتے ہیں تو پاکستانی سیاستدان ملک و قوم کیلئے آپس میں مذاکرات کیوں نہیں کر سکتے۔ غربت، بیروزگاری مہنگائی نے قوم کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ نوجوان نسل کو اپنا مستقبل پاکستان میں نظر نہیں آرہا۔ نوجوان نوکریوں کیلئے ملک سے باہر جا رہے ہیں۔ سرمایہ دار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سے اجتناب کر رہے ہیں۔ سیاستدان ملکی حالات کا تدارک کریں اور قوم کو بڑی خوشخبری دیں جس سے ملک دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے۔ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار معاشی اور سیاسی استحکام میں ہوتا ہے جس کیلئے ملک کے تمام طبقات کو مل کر جدوجہد کرنی چاہیے۔