آئی جی زمان پارک آپریشن میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کیلئے پہنچ گئے
لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ زمان پارک میں شرپسند عناصر کی پر تشدد کارروائیوں میں زخمی ہونے والے افسران و اہلکاروں کا عزم و حوصلہ اور فرض شناسی قابل ستائش ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ان پولیس اہلکاروں نے پٹرول بم حملوں، غلیل کے ذریعے برسائے جانے والے پتھروں کی بارش اور شرپسند عناصر کی دیگر پرتشدد کاروائیوں کا ثابت قدمی سے سامنا کیا اور فرائض کی بجاآوری کیلئے خندہ پیشانی سے اپنی ڈیوٹی پر موجود رہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ان افسران و اہلکاروں کی فرض شناسی اور بہادری پوری فورس کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔ آئی جی پنجاب نے شرپسند عناصر کی پرتشدد کاروائیوں اور پٹرول بم حملوں میں زخمی ہونے والوں کی خیریت دریافت کرنے کیلئے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج سب انسپکٹر سلیمان اکبر، اے ایس آئی نصیر اور اے ایس آئی فرقان کی عیادت کی۔
آئی جی پنجاب نے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انکے عزم و حوصلے اور فرض شناسی کو داد و تحسین سے نوازا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے زخمی اہلکاروں کی انجریز اور علاج بارے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف سے استفسار کیا اور ہدایات بھی دیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی اور بحالی کیلئے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائےگا۔لاہور پولیس کے سپروائزری افسران زمان پارک میں زخمی ہونے والے تمام اہلکاروں کی ویلفیئر اور جلد صحت یابی کا خاص خیال رکھیں اور بہترین طبی سہولیات اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔اس موقع پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔