نگران حکومت شوگر ملز ایسوسی ایشن کا رمضان میں سستی چینی فراہم کرنے پر ایفاق
لاہور(کامرس رپورٹر )نگران صوبائی وزیر وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر سے چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن چوہدری ذکا اشرف کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں شوگر ملز ایسوسی ایشن نے ماہ رمضان میں صارفین کو سستی چینی کی فراہمی پر اتفاق کیا۔ شوگر ملیں سستی چینی انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ سیل پوائنٹس پر فراہم کریں گی۔ شوگر ملیں باہمی مشاورت سے ایک 2 روز میں چینی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کریں گی۔ سستی چینی کی فراہمی رمضان المبارک سے ایک روز قبل شروع ہو جائے گی۔ چوہدری ذکا اشرف نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے حکم پر رمضان المبارک میں عوام کو سستی چینی دیں گے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سستی چینی کی فراہمی کا میکانزم بنائیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ پنجاب حکومت اس سال تاریخ ساز رمضان پیکیج دے رہی ہے۔ مستحق خاندانوں کو مفت آٹے کی فراہمی شروع ہو چکی ہے۔ سستی چینی کی فراہمی سے بھی لوگوں کو بڑا ریلف ملے گا۔ رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستی چینی کی فراہمی کے شوگر ملز مالکان کے جذبہ کو سراہتے ہیں۔ سیکرٹری خوراک محمد زمان وٹو، ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے جبکہ وفد میں سہیل شہزاد سیکرٹری جنرل شوگر ملز ایسوسی ایشن، عمران احمد اور دیگر شامل تھے۔