ٹیکس ایڈوائزرز کاآئی ایم ایف سے قرض کے حصول میں تاخیر پر تشویش
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن 550ارب روپے کے منی بجٹ سمیت دیگر شرائط پوری کرنے کے باوجود آئی ایم ایف سے قرض کے حصول میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت موجودہ مشکل حالات کے تناظر میں دوست ممالک سے رابطوں میں تیزی لائے۔ تمام سٹیک ہولڈرز ایمنسٹی سکیم کا مطالبہ کر رہی ہیں لیکن حکومت آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے دباﺅ کی وجہ سے فیصلہ نہیں کر پا رہی ۔ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے ”ٹیکس اور عوام مذاکرے “ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن کے کے ممبران اے ایس جعفری، چودھری امانت بشیر،محمد صدیق بھٹی،احمد غفار میاں،عبدالرحمن خواجہ،محمد آصف،مفتی وقاص،جاویداقبال قاضی،اجمل خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ میاں عبد الغفار اور خواجہ ریاض حسین نے کہا کہ حکومت سیکشن 11اے کو بجٹ میں شامل کر کے 10فیصد پر اربوں روپے اکٹھے کر سکتی ہے اور کسی عالمی ادارے کو اس پر کوئی اعتراض بھی نہیں ہو گا۔تجویز ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس کو شامل کرنے کیلئے مشاورت کا آغاز کرے ۔