نگران وزیر اوقاف کا دورہ کیمپ جیل لاہور ،سہولیات کا جائزہ لیا
لاہور(نامہ نگار)نگران وزیر اوقاف و مذہبی امور، زکوۃ و عشر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کیمپ جیل لاہور کا دورہ کیا۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب فاروق نذیر، سپرنٹنڈنٹ جیل ظہیر احمد ورک اور دیگر افسر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کیمپ جیل کی مختلف بیرکوں کا معائنہ کرتے ہوئے حوالاتیوں کیلئے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ اظفر علی ناصر نے لنگر خانے کا دورہ کیا اور کھانے کا معیار چیک کیا۔ نگران وزیر نے حوالاتیوں سے بھی بات کی اور ان کی شکایات سن کر موقع پر جیل حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اظفر علی ناصر نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سحری و افطاری کے اوقات میں جیل کے اسیروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کریں گے۔