ہائیکورٹ، بروقت الیکشن کی نئی درخواست ڈویژن بنچ کیلئے چیف جسٹس کو ارسال
لاہور(خبرنگار)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں 30 اپریل کو انتخابات کرانے کا پابند بنانے کیلئے نئی دائر درخواست کو دو رکنی بینچ میں سماعت کے لیے مقرر کرنے کی سفارش کرتے ہوئے درخواست فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔ فاضل عدالت نے نشاندھی کی کہ پنجاب میں الیکشن کے معاملے پر جسٹس اقبال چودھری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سماعت کررہا ہے، مناسب ہے کہ یہ درخواست بھی اسی بنچ کے روبرو سماعت کیلئے پیش کی جائے۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور کے پی کے میں الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے تاہم تاریخ دینے کے باوجود الیکشن کرانے میں کوئی سنجیدہ نظر نہیں آتا درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کے لیے انتظامات نہیں کئے جارہے ہیں، سیاسی جماعتوں کو الیکشن کے لیے سیاسی اجتماعات کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی ہے،استدعا ہے کہ عدالت آئین کے مطابق بروقت الیکشن کروانے کا حکم دے۔
بروقت الیکشن، درخواست