حویلیاں : گاڑی پر فائرنگ ، پی ٹی آئی کے تحصیل ناظم عاطف سمیت 9 افراد جاں بحق
حویلیاں(نوائے وقت رپورٹ ) ایبٹ آباد کے علاقے حویلیاں میں مخالف گروپ کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تحصیل ناظم عاطف منصف خان سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) عمر طفیل نے واقعہ کی تصدیق کی۔ ڈی پی او عمر طفیل نے کہا حویلیاں کے لنگڑا گاو¿ں کے قریب حریف گروپ نے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے ایندھن کا ٹینک پھٹ گیا۔ انہوں نے میڈیا رپورٹس کی تردید کی جس میں دعویٰ کیا گیا کار کو ’راکٹ حملے‘ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ڈی پی او نے کہا فائرنگ کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی اور وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئی ۔ پولیس کے مطابق حویلیاں میں مخالف گروپ چھپ کر بیٹھا تھا اور جب پی ٹی آئی تحصیل ناظم عاطف منصف خان کی گاڑی وہاں سے گزری تو اس پر فائرنگ شروع کردی۔ ڈی پی او ایبٹ آباد پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں ہوسکی تاہم پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ڈی پی او عمر طفیل نے کہا گاڑی کے دروازے توڑ کر لاشیں نکالی گئیں۔خیال رہے بستی شیر خان کے عاطف منصف خان سابق صوبائی وزیر منصف خان جدون کے بیٹے تھے اور 2022 کے بلدیاتی الیکشن میں آزاد حیثیت سے تحصیل ناظم منتخب ہوئے تھے۔عاطف منصف خان بلدیاتی انتخابات سے چند روز قبل جیل سے رہا ہوئے تھے اور اس وقت عوام کی بڑی تعداد نے ان کی رہائی کا خیر مقدم کیا تھا اور بعدازاں بلدیاتی الیکشن میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے مضبوط گروپوں کو بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔حال ہی میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی علاقے میں متحرک کارکن تھے جن پر سب کا اتفاق تھا۔علاقے میں دو مضبوط حریف گروپ ہیں جن میں سے ایک منصف خان فیملی اور دوسری بلند خان فیملی ہے اور اب تک دونوں طرف سے کم از کم دو درجن سے زائد افراد اس دشمنی میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔