• news

مفت آٹا: 2 خواتین‘ بزرگ جاں بحق‘ فیصل آباد: بھگدڑ‘ 5 خواتین زخمی

قصور‘ شیخوپورہ‘ فیروزوالا (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) شہر قصور اور اس کے گردونواح میں حکومت کی جانب سے دیے جانے والے مفت آٹا پوائنٹ پر افراتفری کا ماحول جبکہ نجی کمپنیوں کے آٹے کے دام میں گرانفروشوں نے اپنی جیبیں بھرنے کے لیے من مانے دام وصول کرنے شروع کر دیئے۔ الہ آباد روڈ پر ٹریفک بلاک کر کے شہریوں کا احتجاج، شہریوں کا حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ شہر قصور اور اس کے گردنواح میں حکومت کی جانب سے دیے جانے والے مفت آٹا پوائنٹس پر افراتفری کا ماحول، الہ آباد، کنگن پور و گردونواح میں مفت آٹے کی ترسیل کو شہری سرکاری مال مفت سمجھ کر ٹوٹ پڑے، کچھ لوگ آٹا جمع کرنے میں مصروف نظر آئے۔ آٹا پوائنٹس پر شدید بدظمی،آٹے کے حصول کے لیے آئے شہریوں نے بغیر شناختی کارڈ اور بغیر تصدیق کے آٹا لینا شروع کر دیا۔ پتوکی میں 650روپے والا آٹا 11سو60روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ پھولنگر میں آٹے کا ریٹ بڑھنے کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ مہنگائی کے ستائے لوگوں نے نیشنل ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بلاک کر دیا۔ گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ رینالہ خورد میں مفت آٹا لینے گئی خاتون ناصرہ ٹرین تلے آگئی۔ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ کی طرف سے بنائے گئے آٹا پوائنٹ پر ناقص انتظامات کی وجہ سے لوگ دھکے کھانے پر مجبور ہو گئے۔ علاوہ ازیں عوام نے آٹا نہ ملنے پر شیخوپورہ، لاہور روڈ ریسکیو 1122کے قریب روڈ کو بلاک کر دیا۔ وہاں خواتین نے مظاہرہ کیا۔ لاہور روڈ بند ہو جانے سے گاڑیوںکی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ ٹریفک شدید جام ہو گئی۔ احتجاج کرنے والی خواتین کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نے آٹا پوائنٹ پر آکر اس کو فوری طور پر تبدیل کیا، جس کی وجہ سے ان کے سینکڑوں شناختی کارڈ بھی غائب ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ملتان میں آٹا سیل پوائنٹ پر دل کے دورہ سے بزرگ جاں بحق ہو گیا۔ چوک سرور شہید میں تاج بی بی بھی دل کے دورے سے چل بسیں۔ مردوخواتین نے آٹا نہ ملنے پر جی ٹی روڈ کی ٹریفک معطل کر کے حکومت کے ناقص انتظامات کے خلاف نعرہ بازی کی۔ مصنوعات میں ہوشربا اضافہ‘ بجلی کے نرخوں میں بار بار اضافہ‘ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر کر کے غریبوں کی کمر توڑ دی ہے۔ ایس ایچ او اے ڈویژن اور ان کی ٹیم نے جائے احتجاج پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کئے اور جی ٹی روڈ کی ٹریفک بحال کرا دی۔

ای پیپر-دی نیشن