توشہ خانہ کیس، بشریٰ بی بی ‘ فرح گوگی اورعمران خان نیب میں پیش نہ ہوئے
لاہور (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعظم عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور فرح گوگی قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش نہ ہوئے۔ توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی نے بھی فیصلہ کیا کہ وہ نیب کے روبرو پیش نہیں ہوں گی، عمران خان بھی نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوئے۔ نیب راولپنڈی میں عمران خان کی پیشی کیلئے سکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔ نیب نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں طلب کر رکھا تھا۔ نیب ٹیم نے گزشتہ روز زمان پارک پہنچ کر نوٹس کی تعمیل کرائی تھی۔ دوسری جانب بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح گوگی نے توشہ خانہ کیس میں نیب کونوٹس کا جواب بھجوا دیا۔ فرح خان کے وکیل نے جواب میں کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس سے کوئی تعلق نہیں، نیب سیاسی مخالفت میں نوٹسز بھجوا رہا ہے۔ ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے جواب میں کہا ہے کہ چیئرمین نیب طلبی کا نوٹس ختم کریں نہیں تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔