’’سبز اتحاد‘‘ کے ذریعہ پاکستان، امریکہ کو موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کی ضرورت: سفیر ڈونلڈ بلوم
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان اور امریکہ کے مابین دیرپا شراکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کس طرح اس شراکت داری نے پاکستان کی معاشی ترقی کو بڑھاوا دیا اور معاشرتی اور انسانی ہمدردی کے مسائل کو اْجاگر کیا ہے۔ پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے زیرِ اہتمام کانفرنس میں پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ آبادیوں کی بحالی کے عمل میں پاکستانی نژاد امریکی شہریوں اور نجی شعبہ کی گرانقدر خدمات کو اْجاگر کیا۔ واضح رہے امریکی حکومت نے اب تک سیلاب سے بحالی، دوبارہ آباد کاری اور تحفظ خوراک کے لیے بِیس کروڑ ڈالر کی رقم کا وعدہ کیا ہے جبکہ امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن نے اس عمل کے لئے چار کروڑ بیِس لاکھ ڈالر امداد دی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان "سبز اتحاد’’ (گرین الائنس) کے لائحہ عمل کے ذریعہ موسمیاتی تغیرات سے نبرد آزما ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔