• news

مفت آٹے کی فراہمی ، بعض شہروں میں بدنظمی کا نوٹس ، وزیراعلی نے رپورٹ مانگ لی 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے حوالے سے بعض شہروں میں بد نظمی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی و پنجاب حکومت کے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے سنٹرز پر انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مفت آٹے کے لئے سنٹرز پر آنے والے شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات نہیں ہونی چاہئیں۔ کمشنرز، آرپی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز اپنے شہروں میں سنٹرز کے دورے کریں۔ سنٹرز پر شہریوں کی تصدیق کا عمل کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے اور تصدیق کے بعد شہریوں کو بلا تاخیر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے داتا دربار کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 2010ء سے بند کار پارکنگ کو زائرین کے لئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارکنگ کھولنے کے لئے ایس او پیز طے کئے جائیں گے۔ جس کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ محسن نقوی نے پارکنگ کو دوبارہ کھولنے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ محسن نقوی کی ہدایت پر 13 برس بعد پارکنگ کھولنے کے لئے اقدامات کا آغاز کیا جارہا ہے۔ محسن نقوی نے لنگر خانے کا بھی دورہ کیا۔  زائرین کے لئے لنگر کے انتظامات کاجائزہ لیا اور لنگر کے لئے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لنگر کی تیاری اور تقسیم کے انتظامات عالمی معیار کے مطابق کئے جائیں۔ مزار کے اصل حجرے اور برآمدوں کی بھی تزئین وآرائش کی جائے گی۔ ڈیزائننگ کمیٹی اس ضمن میں جلد حتمی سفارشات پیش کرے۔ محسن نقوی کی زیرصدارت داتا دربار کے توسیعی منصوبے، پارکنگ اور زائرین کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا۔ محسن نقوی نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی اور مزار پر چادر و پھول چڑھائے۔ ملک کی ترقی و خوشحالی، سلامتی اور استحکام کیلئے دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن