• news

بھارت میں انسانی حقوق کی  خلاف ورزیوں کا امریکی انکشاف


امریکی انتظامیہ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ آزادیِ اظہار‘ صحافت پر پابندی اور مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کی کارروائیاں اب بھی تسلسل سے ہو رہی ہیں۔ مودی حکومت میں پولیس تشدد اور ماورائے عدالت قتل بھی ہوتے رہے ہیں۔ 
پاکستان تو گزشتہ 76 سال سے بھارتی دہشت گردی اور وادی میں اسکے مظالم کی دہائی دے رہا ہے اور ہر عالمی فورم پر بھارتی غنڈہ گردی کو بے نقاب کرتا رہا ہے۔ اسکی دہشت گردی کے ٹھوس ثبوت ڈوژیئر کی صورت میں اقوام متحدہ سمیت امریکی دفتر خارجہ میں بھی دیئے جا چکے ہیں مگر نہ عالمی برادری نے کبھی بھارتی جارحانہ عزائم کا نوٹس لیا اور نہ امریکہ نے ان ڈوژیئرز کو اہمیت دی۔ بھارتی دہشت گردی کیخلاف کئی امریکی سینیٹرز بھی آواز اٹھا چکے ہیں جبکہ ایک معروف امریکی جریدہ تو بھارت کو نمبر ون عالمی دہشت گرد بھی قرار دے چکا ہے‘ اسکے باوجود بھارتی ریشہ دوانیوں پر نہ عالمی برادری کے کانوں پر جون رینگی اور نہ امریکہ نے اپنے اس فطری اتحادی کے عزائم کا نوٹس لیا۔ بھارت کا حاضر سروس نیوی کمانڈر کلبھوشن یادیو خود اپنے اقبالی بیان میں یہ اعتراف کر چکا ہے کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کانیٹ ورک چلا رہا تھا اور کئی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ یہ وہ ٹھوس ثبوت ہیں جو پوری دنیا پر عیاں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر سمیت اب بھارت میں بھی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے۔ بھارت میں اذان پر بھی پابندی عائد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس کے پیچھے مودی سرکار ‘اسکی پروردہ آر ایس ایس اور انتہاءپسند ہندوﺅں کی جنونیت ہی کارفرما نظر آتی ہے۔ گزشتہ روز امریکی انتظامیہ کی جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔امریکی حکومت کو کم از کم اپنی انتظامیہ کی اس رپورٹ پر ہی کان دھر لینے چاہئیں۔ اگر اب بھی بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کیخلاف نوٹس نہیں لیا جاتا اور اسے شٹ اپ کال نہیں دی جاتی تو یہ امریکہ کی جانب سے بھارت کو مزید آشیرباد دینے کے ہی مترادف ہوگا۔ جب تک عالمی سطح پر اس کیخلاف مو¿ثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی اور اقوام متحدہ میں اس معاملے کو شدومد کے ساتھ نہیں اٹھایا جاتا‘ بھارت کے حوصلے اسی طرح بلند ہوتے رہیں گے۔ اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کو بھی اپنا مو¿ثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن