سابق ایم این اے پی ٹی آئی جاوید وڑائچ کے خلاف انکوائری پر کارروائی شروع، طلبی کا نوٹس
لاہور (خبر نگار) ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق تحریک انصاف کے سابق ایم این اے جاوید اقبال وڑائچ کے خلاف انکوائری پر کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ تحقیقات کیلئے سابق ایم این اے کو طلبی کا نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔ ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ جاوید اقبال وڑائچ نے رحیم یار خان میں اربوں روپے مالیت کے دو پلازے بشیر مال اور فرسٹ اسٹیپ کے نام سے بلدیہ سے بغیر فیس منظور کروائے جبکہ بشیر گارڈن، رائل گارڈن اور دی پرل سٹی ہاؤسنگ سکیمیں غیر قانوی طور پر منظور کروا کر کروڑوں روپے کا منافع کمایا۔ جاوید وڑائچ نے بلدیہ رحیم یار خان اور تحصیل کونسل رحیم یار خان کی مشنری غیر قانونی طور پر اپنے بھائی کے کھیتوں اور ہاؤسنگ سکیموں کے ترقیاتی کاموں میں استعمال کی۔ پٹرول کی فراہمی میں خوردبرد سے جاوید اقبال نے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا چونا لگایا۔