فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ، عمران کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست خارج
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں عمران خان کی ضمانت منسوخ کرنے کی ایف آئی اے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ نے خارج کردی جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فیصلہ سنایا ہے۔ سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ عمران ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ سٹیٹ بنک سے ہم نے تحریری جواب مانگا تھا اور وہ آیا بھی سٹیٹ بنک کو 161 کے بیان میں شامل نہیں کیا گیا لیکن تحریری جواب موجود ہے جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کیا نیچر آف اکاؤنٹ تبدیل کرنے کے فارم پر عمران خان نے دستخط کئے؟ یہ تو اکاؤنٹ تبدیل ہی نہیں ہوا ، فارم میں تو تفصیلات کچھ اور ہیں یہ سارا کیس سٹیٹ بنک کی ریگولیشن میں آتا ہے، عمران خان کا طارق شفیع سے کیا تعلق ہے؟۔ عمران خان کونسا پیسے نکلواتے رہیں ہیں، اس اکاؤنٹ کا دستخط کنندہ کون ہے؟۔ یہ اکاؤنٹ تو تحریک انصاف کا ہے سپیشل پراسیکوٹر نے کہا کہ عمران خان پارٹی کے چیئرمین ہیں اور وہی بینفشری ہیں۔ عدالت نے کہا کہ اکاؤنٹ تحریک انصاف کا ہے تو تحریک انصاف کی کمیٹی نے چلانا ہے۔ عمران خان بینفشری کیسے ہوگئے؟۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ عمران خان پر اس کیس میں کیا الزام ہے۔ ایف آئی آر میں جو الزامات ہیں وہ تو عارف نقوی پر ہیں، عمران خان یا تحریک انصاف تو رقوم وصول کرنے والے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ رقوم اگر سیاسی جماعت کے استعمال کی گئی ہیں تو ذاتی مقاصد کیسے ہوگئے؟۔