سستے فیول پروگرام سبسدی دی نہ آئی ایم ایف کا اعتراض بنتا ہے:مصدق ملک
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ سستے فیول پروگرام پر آئی ایم ایف کا اعتراض نہیں بنتا۔ ایک بیان میں کہا کہ امیر کیلئے فیول مہنگا اور غریب کیلئے سستا کر رہے ہیں اور اس پروگرام پر کوئی سبسڈی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سڑکوں پر 2 کروڑ موٹرسائیکلیں ہیں‘ اس سکیم سے 800 سی سی گاڑیاں ملا کر 2 کروڑ 14 لاکھ موٹرسائیکل اور گاڑیاں فائدہ اٹھائیں گی۔ فیول کارڈ پر ڈائریکٹ ریلیف اور کوڈ کے ذریعے ریلیف دینے کا جائزہ لیا گیا۔ کوڈ کے ذریعے فیول کی فراہمی سب سے بہتر سمجھی گئی۔ ہم نیا ٹیکس نہیں لگا رہے۔ امیر اور غریب کیلئے پٹرول کی قیمت 100 روپے فی لٹر فرق ہوگا۔ ہر 15 دن بعد امیر اور غریب کے پٹرول کے فرق کا اعلان ہوگا۔ ریلیف کیلئے 3 آپشنز زیرغور ہیں۔ پاس ورڈ کے ذریعے یا کارڈ یا پھر بی آئی ایس پی کے ذریعے ادائیگی زیربحث ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور سامان والی گاڑیوں کے حوالے سے سوچ رہے ہیں۔