پی ٹی آئی کا امریکی فرم سے معاہدہ . منافقت کا عکاس ہے، شیری رحمان
اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ پی ٹی آئی اور امریکی فرم پرایا کے درمیان معاہدہ پی ٹی آئی کے دوہرے معیار اور منافقت کا عکاس ہے۔اپنے ٹویٹس میں انہوں نے پی ٹی آئی کی جانب سے اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو فروغ دینے اور اسے دوبارہ بحال کرنے کیلئے نجی امریکی فرم پرایا کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کیلئے چھ ماہ کے معاہدے پر دستخط کرنے کے مبینہ یوٹرن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بہت سے ممالک لابیسٹ کا تقرر کرتے ہیں اور اسی طرح سیاسی جماعتیں بھی کرتی ہیں لیکن یہ معاملہ خاصا عجیب ہے کیونکہ یہ ایک ایسی جماعت کی طرف سے سامنے آیا جس نے خود کو امریکی مداخلت کا سیاسی لتشہید ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا تھا تو اب وہ سائفربیانیہ اور اس سے قبل لابنگ کی کوششوں کی ناکامی کے بعد امریکی فیصلہ سازوں کا اثر و رسوخ خریدنے کی بے چین کوشش میں کیوں مبتلا ہیں،پی ٹی آئی کا دوہرا معیار اور یو ٹرن کئی بار بے نقاب ہو چکے ہیں،اب وہ امریکہ میں اپنی تشہیر کے لیے مسلسل لابنگ کمپنیوں کی خدمات لے رہے ہیں، عمران خان کا من گھڑت بیانیہ متعدد بار بے نقاب ہو چکا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنی ذاتی سیاست کے لیے پاکستان کے مفادات سے کھیلنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ؒ