عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مستردi
اسلام آباد (وقائع نگار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی استدعا مسترد کر دی ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کیا گیا۔ حسان نیازی کو ڈیوٹی مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں پیش کیا گیا، تفتیشی افسر کی جانب سے حسان نیازی کے مزید 5 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ پی ٹی آئی کے کا کہنا تھا 72 گھنٹوں سے زائد ہو گئے، پولیس نے اب تک اسلحہ برآمد نہیں کیا۔ ڈیوٹی مجسٹریٹ مرید عباس نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں عدالت نے پہلے سے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حسان نیازی کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔ بعدازاں اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ ڈیوٹی مجسٹریٹ مرید عباس نے 2 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں لکھا کہ درج مقدمے کے مطابق حسان نیازی نے کار سرکار میں مداخلت کی، مقدمے کے مطابق حسان نیازی نے پولیس کو دھمکیاں دیں اور بیریئرز توڑے۔ حسان نیازی وقوعہ کے وقت اسلحہ سے لیس نہیں تھے۔ حسان نیازی 3 روز سے پولیس حراست میں تھے لیکن کوئی برآمدگی نہ کی گئی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے اختیارات کو جسمانی ریمانڈ میں توسیع کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا لہذا حسان نیازی کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جاتی ہے اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جاتا ہے۔ حسان نیازی کو 6 اپریل کو پیش کیا جائے۔