لاہور ،کمرشل عمارتوں کے لیے چھتوں پر باغبانی لازمی قرار
لاہور(آئی این پی ) لاہور کو سرسبزو شاداب بنانے کا مشن، صوبائی دارالحکومت میں کمرشل عمارتوں پر باغبانی لازمی قرار دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کو سرسبز و شاداب بنانے ،ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور لاہور ہائیکورٹ کے سموگ کے تدارک کے لئے دیئے گئے احکامات کو بجا لانے کے لیے ایل ڈی اے نے بڑا فیصلہ کر لیا۔شہر میں شجرکاری کے فروغ کے لئے پنجاب حکومت نے عمل درآمد شروع کر دیا، لاہور میں کمرشل عمارتوں کے لیے روف ٹاپ گارڈننگ لازمی قرار دے دی گئی۔ ایل ڈی اے نے نئے قوانین نافذ کر دیئے ، لاہور میں روف ٹاپ گارڈننگ کے لیے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2019 میں ترامیم کر دی گئیں، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز میں روف ٹاپ گارڈننگ کے لیے مختص 25 فیصد ایریا کو بڑھا کر 50 فیصد کر دیا گیا، ایل ڈی اے کے شعبہ ٹان پلاننگ نے اس ضمن میں پبلک نوٹس جاری کر دیا۔ کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ روف ٹاپ گارڈننگ کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی ہو گی، روف ٹاپ گارڈننگ کے لیے جگہ مختص نہ کرنے اور گرینری نہ لگانے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ روف ٹاپ گارڈننگ کے فروغ کے لیے کارپوریٹ سوشل ریسپانس بلٹی کے تحت بھی پرائیویٹ سیکٹر کا تعاون حاصل کیا جارہا ہے۔