الیکشن کمشن کا فیصلہ ناقابل قبول‘ مرکزی‘ سندھ اسمبلی بھی تحلیل کی جائے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن کا پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنا ناقابل قبول ہے۔ ادارہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے فیصلہ کرے، کسی سیاسی پارٹی کے پریشر میں آئے بغیر الیکشن کمشن غیرجانبداری کا ثبوت دے اور اپنا آئینی کردار ادا کرے، پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات کرائے جائیں تاکہ سیاسی بے یقینی ختم ہو۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی قربانی دے۔ مرکزی اور سندھ اسمبلی تحلیل کر کے نگران حکومتیں قائم کی جائیں، سیاست اور جمہوریت پر یقین رکھنے والے تمام سٹیک ہولڈرز شفاف انتخابات کے لیے مذاکرات کریں۔ حکومت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 50فیصد کمی کرے، مہنگائی نے عوام کا جینا عذاب بنا دیا۔ 14سیاسی جماعتوں کی حکومت 11ماہ کی کارکردگی صفر ہیں۔ جماعت اسلامی کا انتخابی منشور قوم کے لیے امید کی کرن ہے، اللہ کی مدد و نصرت اور عوام کی تائید سے اقتدار میں آ کر منشور پر سو فیصد عمل درآمد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی وصوبائی ذمہ داروں‘ پارلیمانی بورڈ اور منشور کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ پارلیمنٹرینز کی استعدادکار بڑھانے کے لیے تربیتی اکیڈمی قائم کی جائے گی۔ یوم پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ سات دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی پاکستان اس منزل کے قریب بھی نہیں پہنچا جس کی خاطر اسلامیان برصغیر نے قربانیاں دی ہیں، ہم آدھا ملک گنوا چکے اور بقیہ شدید بحرانوں کی زد میں ہے۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود عوام آٹے کے تھیلے کے لیے گھنٹوں قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں۔
سراج الحق