• news

سرکاری حج پیکیج میںگزشتہ برس کی نسبت ساڑھے 3لاکھ روپے اضافہ


اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)گزشتہ برس کی نسبت سرکاری حج پیکیج میں ساڑھے 3 لاکھ روپے اضافہ ہوا ہے ،گزشتہ سال قربانی سمیت حج پیکیج 8 لاکھ 26 ہزار 528 روپے تھا،رواں سال قربانی کے علاوہ اخراجات 11 لاکھ 75 ہزار تک پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق حجاج کرام کو 50 ہزار روپے سے لیکر 74 ہزار روپے قربانی کے لئے اضافی الگ سے پیسے ادا کرنا ہوں گے ،حاجیوں کے کھانے پینے کے اخراجات میں 100 فیصد تک اضافہ ہوا ہے ،فی حاجی 38 روز کے کھانے پینے کا خرچہ ایک لاکھ سے بڑھ گیا جبکہ گزشتہ سال کھانے پینے کے اخراجات 53 ہزار 440 روپے تھے،اسی طرح سے مکہ مکرمہ میں رہائش کے کرائے بھی 70 فیصد سے زیادہ ہوگئے ہیں ،کرائے ایک لاکھ 11 ہزار کے بجائے ایک لاکھ 93 ہزار روپے ہوگئے،مدینہ میں رہائش کے کرائے 37 ہزار سے بڑھ کر 78 ہزار روپے ہوگئے ٹرانسپورٹ اخراجات 61 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 12 ہزار ہوگئے ہیں ،رواں سال حج پیکیج میں 43 ہزار 882 روپے ٹرین کرایہ بھی شامل ہے حج لازمی اخراجات بھی 3 لاکھ سے بڑھ کر 3 لاکھ 56 ہزار ہوگئے رواں سال جہاز کے کرائے بھی 70 ہزار بڑھ کر ڈھائی لاکھ روپے ہوگئے ہوائی جہاز کا ٹکٹ گزشتہ برس ایک لاکھ 81ہزار 760 روپے کا تھا،زم زم چارجز 721 کے بجائے 11 سو روپے وصول کئے جائیں گے ادویات ویکسین وغیرہ کی مد میں بھی 12ہزار روپے  لئے جائیں گے ویزا فیس بھی 16ہزار سے بڑھ کر 22ہزار 275 روپے ہوگئی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن