ماہ رمضان، محبت، ہمدردی اور ایثار کا درس دیتا ہے:راغب نعیمی
لاہور(خصوصی نامہ نگار ) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ ماہ رمضان رحمتوں اوربرکتوں کاموسم بہارہے۔ اس مہینے میں نوافل کاثواب فرائض جتنا اورفرائض کاثواب کئی گنا بڑھادیاجاتاہے۔ اس کاپہلا عشرہ رحمت ،دوسرا مغفرت اورتیسراعشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے۔ رمضان المبارک کا مہینہ خالق کی جانب سے مخلوق کیلئے عظیم تحفہ ہے۔ جو لوگ اس مہینے میں فیوض و برکات پا لیتے ہیں ان کی دنیا اور آخرت سنور جاتی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں مسلمان اپنے اعمال کا محاسبہ کرتا ہے۔ نیک اعمال کا اختیار کرنے اور برے اعمال کو ترک کرنے کا ارادہ کرتا ہے۔ ماہ رمضان، محبت، ہمدردی اور ایثار کا درس دیتا ہے۔اس ماہ مبارک میں اس بات کا مکمل خیال رکھیں کہ ہماری وجہ سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔ چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو معاف کریں، غلط رویوں سے بچیں۔علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے مزید کہا کہ روزے سے صرف بھوک پیاس مطلوب نہیں بلکہ خوف خدا کی بنیاد پر زندگی کے ہر عمل کا پیمانہ مطلوب ہے۔جس نے ایمان و احتساب کے ساتھ روزے رکھے اس کے پچھلے گناہ معاف کردینے کی بشارت دی گئی ہے۔