• news

حکومت ماہ رمضان میں اشیاء کا حصول آسان بنائے: مولانا فضل الرحمن بن محمد  


لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن اہل حدیث لاہور کے صدر, ممتاز دینی سکالر، درجنوں دینی واصلاحی کتابوں کے مصنف اور جامع مسجد محمدی سنت نگر فردوس پارک کے سرپرست اعلی مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ حکومت نے حالیہ دور میں تیل کی مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمر توڑ اضافہ کر کے مہنگائی کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں جس سے غریب اور نادار طبقہ شدید متاثر ہوا ہے اور اس کیلئے زندگی گزارنا انتہائی مشکل بلکہ ناممکن ہوتا جا رہا ہے ایسے میں رمضان کریم کا مقدس مہینہ شروع ہو گیا ہے۔ اس ماہ مقدس کی رحمتوں اور برکتوں سے مستفید ہونے کیلئے ان کے پاس قلیل وسائل ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ اس طبقہ کی اشک شوئی کیلئے جتنا ریلیف اور آسانی پیدا کی جا سکتی ہے کرے اور ضروریات زندگی کی اشیاء سستی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کا حصول بھی آسان بنائے تاکہ وہ وقت ضائع کئے بغیر اور کسی مزید پریشانی اور مشکل کے بغیر انہیں حاصل کرسکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ معاشرے کے صاحب ثروت اور مخیر حضرات کا بھی فرض ہے کہ وہ دل کھول کر اللہ کی رضا اور خوشنودی کیلئے ان کی مدد کرے تاکہ وہ بھی ان حالات میں اپنی ضروریات زندگی پوری کر سکیں۔ یہی نیکیاں اور ہمدردیاں ان کیلئے نجات کا باعث بنیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن