• news

 10 کلو گرام آٹے کے 6 لاکھ 19 ہزار تھیلے تقسیم کیے جا چکے :کمشنر گوجرانوالہ


گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )حکومت پنجاب کے مفت آٹا پیکج کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن میں 25 شعبان سے لیکر اب تک 10 کلو گرام آٹے کے 6 لاکھ 19 ہزار سے زائد تھیلے تقسیم کیے جا چکے ہیں ۔ یہ بات کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے چیف سکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرصدارت ویڈ یو لنک اجلاس میں بتائی۔ انہو ں نے کہاکہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی ٹرکنگ پوائنٹس اور کاؤنٹرز پر آٹے کی تقسیم کے تمام ممکنہ انتظامات کئے گئے ہیں تا ہم آٹا لینے کیلئے آنے والوں  سے التماس ہے کہ و ہ صبر و تحمل اور نظم و ضبط کا خیال رکھتے ہوئے اپنی باری کے مطابق آٹا حاصل کریں تاکہ کو ئی بد نظمی پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب ضرورت کے مطابق وافر آٹا کی مسلسل فراہمی کے لیے  فلور ملز کو گندم  فراہم کر رہی ہے اور  ہر حقدار کو اس کا حق دیا جا رہا ہے۔ کمشنر نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کے مفت آٹا رمضان پیکج کی تقسیم کے پروگرام کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت رجسٹرڈ اہل غریب خاندانوں کو ماہ رمضان میں مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا۔گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں آٹا کی تقسیم کا عمل شروع ہو چکا ہے اور انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کے لئے تمام سنٹرز پر آٹا لینے کے لئے آنے والوں کو بہترین سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن