• news

ذولفقار بھٹو کا عدالتی قتل عدلیہ کی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ :مخدوم سید محمود


لاہور( نامہ نگار)پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر، سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ شہید ذولفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل عدلیہ کی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ ہے۔4 اپریل کو شہید ذولفقار علی بھٹو کی برسی نہایت عقیدت و احترام سے بھر پور طریقے سے منائی جائے گی۔ماہ رمضان کی وجہ سے شہید قائد کی ملک و قوم کیلئے عظیم کارناموں اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کرئے گی۔ملک بھر کی طرح جنوبی پنجاب کے تمام ڈویژنل ڈسٹرکٹ سٹی اور تحصیل سطح پر تقریبات اور افطار پارٹیاں منعقد کی جائیں گی۔ عبدالقادرشاہین کے ہمراہ مخدوم سید احمد محمود نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مردم شماری پر ہمیں اعتراض ہے، غیرملکیوں کو بغیرپاسپورٹ چیک کئے رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے۔ انتخابات جب بھی ہوں پیپلز پارٹی بھرپور حصہ لے گی۔2 صوبوں میں پرانی مردم شماری اور بقایا قومی اور 2 صوبوں میں نئی مردم شماری پر انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ تاریخ ساز ہے۔ بہتر تھا کہ سپریم کورٹ کو یہ سارا معاملہ پہلے دیکھنا چاہیے تھا۔ عمران خان نے قبل از وقت اسمبلیاں توڑ کر عوام کے ووٹ کی توہین کی ہے۔ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہے، ہم وفاقی حکومت کے اتحادی ضرور ہیں لیکن انتخابی اتحاد کا حصہ نہیں۔پنجاب ہو یا کے پی پیپلزپارٹی ملک بھر میں اپنے انتخابی نشان پر انتخاب لڑے گی۔

ای پیپر-دی نیشن