• news

نوجوانوں کو عالمی معیار کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرایا جائے:اعجاز الرحمان


لاہور( کامرس رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ عالمی معیار کی حامل ہنر مند فورس کی تیاری کیلئے دوسرے ممالک سے جوائنٹ وینچر کیا جائے۔ سرکاری ٹیکنیکل اداروں کے نصاب میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے اور اسے بدلتے ہوئے رجحانات سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال لاکھوں نوجوان روزگار کیلئے مارکیٹ میں آرہے ہیں اور حکومت نجی شعبے کے تعاون کے بغیر اس چیلنج سے نہیں نمٹ سکتی۔ ہمیں میٹرک کے بعد نوجوانوں کے رجحان کو دیکھنے کیلئے باقاعدہ پالیسی بنانی چاہیے اورایسے نوجوان جو تعلیم کے ساتھ ہنر سیکھنا چاہتے ہیں۔ انہیں صرف مقامی مارکیٹ کے تناظر میں ہنر نہ سکھایا جائے بلکہ عالمی معیار کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرایا جائے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم دوسرے ممالک سے مل کر کام کریں گے۔ حکومت ذہین ہنر مندوں کو تربیت دلانے کیلئے اپنے خرچے پر بیرون ممالک بھجوائے اور انہیں ملک میں واپس آ کر پاکستانی نوجوانوں کو ہنر سکھانے کی ذمہ داری سونپی جائے۔ بہت سے ممالک کو ہنر مندوں کی ضرورت ہے لیکن اس کیلئے حکومتی سطح پر اس طرح کاوشیں نہیں ہو رہیں جس کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن