افغانستان کیخلاف دوسرا ٹی ٹونٹی آج سیریز میں کم بیک کرینگے شاداب خان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ آج شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔میچ رات9بجے شروع ہوگا۔ افغانستان کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے اعتراف کیا ہے کہ ٹیم افغانستان کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں اچھا نہیں کھیلی۔ امید ہے سیریز میں کم بیک کریں گے۔ہم نئے کھلاڑیوں کیساتھ میدان میں اترے تھے، نئے کھلاڑیوں سے اچھی کارکردگی نروس ہونے کی وجہ سے نہیں ہوسکی۔مگر ان کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ہے۔کھلاڑی پرعزم ہیں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کریں گے ۔ نئے کھلاڑیوں کو موقع ملنا چاہئے ۔ امید ہے وہ آئندہ بہترین کھیلتے ہوئے کامیابی دلائیں گے ۔کہ ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی، پریشر میں آکر نروس ہوگئے جس کی وجہ سے پرفارم کرنے میں ناکام رہے۔ حکمت عملی کے لحاظ سے ہم بالکل ٹھیک تھے البتہ ہار تسلیم کرتے ہیں اور اگلے میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، احسان اللہ، زمان خان اور عماد وسیم کی واپسی مثبت رہی۔ پاکستان ٹیم کے بائولنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ افغانستان کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں کم سکور کے باوجود پاکستانی بائولرز نے فائٹ بیک کیا جوخوش آئند ہے۔ اگلے دو میچز جیت کر سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔ٹیم کے نوجوان کھلاڑی پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کر کے آئے ہیں، پاکستان اور شارجہ کی کنڈیشنز میں فرق ہے، پلیئرز کو تیاری کا بھی زیادہ ٹائم نہیں ملا۔ غلطیوں سے سیکھ کر اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، ڈیبیو کرنے والے احسان اللہ نے زبردست بائولنگ کی، پہلے اوور میں وکٹیں لیں، دیگر بائولرز نے بھی اچھی بائولنگ کی ہے۔