• news

کراچی بلدیاتی الیکشن بے ضابطگیاں: سراج الحق کا چیف جسٹس سے ازخود نوٹس کا مطالبہ 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے نام خط میں کراچی بلدیاتی الیکشن کے صاف شفاف انعقاد میں الیکشن کمشن کی ناکامی اور جانبداری پر ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ الیکشن کمشن نہ صرف صوبائی دارالحکومت میں ایماندارانہ الیکشن کرانے میں ناکام ہوا بلکہ الیکشن کے عمل کے دوران اور بعد میں بدترین جانب داری کا مرتکب ہوا۔ امیر جماعت نے اپنی درخواست کے ہمراہ کراچی کے بارہ حلقوں میں دھاندلی اور الیکشن کمشن کی صوبہ کی حکمران جماعت کے حق میں جانبداری کے ثبوت بھی ارسال کیے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سے استدعا کی ہے کہ عدالت عظمیٰ اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے معاملہ کا نوٹس لے اور الیکشن کمشن کی دیدہ دانستہ آئین کی خلاف ورزی پر فیصلہ دے اور متنازعہ یونین کمیٹیوں میں الیکشن کو کالعدم قرار دے۔ بلدیاتی اداروں کی مدت پوری ہونے پر 120 دن میں انتخابات کرانا لازمی، قانونی تقاضا ہے لیکن 2009ءمیں یہ مدت پوری ہونے کے بعد 2015ءمیں اور 2020ءمیں یہ مدت پوری ہونے کے بعد 2023ءمیں یہ انتخابات منعقد ہوئے۔ شیڈول جاری ہونے کے بعد 3مرتبہ انتخابات کی پولنگ حکومت سندھ کی خواہش پر ملتوی کی گئی۔ 6 یونین کمیٹیاں جن میں بدترین دھاندلی ہوئی۔ ان میں فارم XI کے رزلٹ کے علی الرغم RO نے نتیجے جاری کیے اور الیکشن کمشن نے انہیں Take up کیا۔ ان میں جماعت اسلامی نے 66 ایسے پولنگ سٹیشنز کی نشاندہی کر دی تھی جہاں رزلٹ تبدیل کیے گئے ہیں۔ وہاں 22مارچ کو حقائق کے برعکس محض 17 پولنگ سٹیشنز کو خودہی منتخب کر کے Recounting کا حکم جاری کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن