پولیس نے 8سال سے گم ذہنی معذور کو والدہ سے ملوا دیا
لاہور (نامہ نگار) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر پولیس نے 8 سال سے گمشدہ ذہنی معذور بچے کوااس کی والدہ سے ملوا دیاہے۔ آج سے آٹھ سال پہلے پانچ سالہ علی، جس کا ذہنی توازن درست نہیں ہے، لاہور ریلوے سٹیشن پر اپنی ماں سے بچھڑ کر گم ہو گیا اور ایک تڑپتی ماں اور بیمار باپ کی تمام تر کوششوں کے باوجود انہیں گمشدہ بیٹا نہیں مل سکا۔ اس دوران علی کا باپ اس کو ملنے کی آس لیے دنیا سے چل بسا۔ کسی درد مند نے علی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو گوجرانوالہ پہنچا دیا تھا۔ جہاں وہ آٹھ سال تک اپنے ماں باپ کی راہ دیکھتا رہا۔ علی کیونکہ ایک خصوصی بچہ ہے اس لیے وہ اپنا نام، پتہ، ماں باپ کا نام یا کوئی بھی تفصیل نہیں بتاسکتا تھا۔دو روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی جی پنجاب کے ہمراہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو گوجرانوالہ کا دورہ کیا جہاں ان کی اس بچے سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے آئی پنجاب سے بچے کے والدین کو ڈھونڈنے کا کہا۔پولیس کی خصوصی ٹیم نے علی کی والدہ کو تلاش کر کے اس کا گمشدہ بیٹا اس سے ملا دیا ہے۔