• news

 اچھے تعلیمی ادارے تعفن زدہ معاشرے میں امید کی کرن ہوتے ہیں: انجینئر خرم دستگیر 


گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خاں نے کہا ہے کہ اچھے تعلیمی ادارے تعفن زدہ معاشرے میں امید کی کرن ہوا کرتے ہیں، گیپکو گرائمر سکول گوجرانوالہ مایہ ناز تعلیمی ادارہ ہے۔ اِ ن خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو گرائمر سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے کیا۔اس موقع پر انہوں نے پوزیشنیں ھاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لئے مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔تقریب سے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ، چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب، پرنسپل سکول ملیحہ یعقوب، واپڈا ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خاں نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورسز اینڈ ایڈمنسٹریشن جلیل الرحمن، مینجر ایچ آر غلام غوث، ذیشان ستار، ڈپٹی مینجر ایچ آر محمد اظہر طور، گیپکو افسران و ملازمین، اساتذہ،یونین عہدیدران،طلبہ اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود گیپکو گرائمر سکول گوجرانوالہ نے مختصر عرصے میں اپنے طلباءو طالبات کی جس طرح سے بہترین تربیت کی ہے اور ان میں خود اعتمادی کیساتھ ساتھ تعمیری اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کیا ہے اُس کیلئے گیپکو انتظامیہ اور اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانان گرامی کے دست مبارک سے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کوشیلڈیں اور انعامات دیئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن