پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد امریکہ کے 2 ہفتے کا دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گیا
لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں امریکہ کا 2 ہفتے کا دورہ کرنے کے بعد واپس وطن پہنچ گیا۔ دورہ کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنا اور سرمایہ کاری کی نئی راہیں تلاش کرنا تھا تاکہ ملکی برآمدات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ گزشتہ روز میاں فیض بخش کی قیادت میں ٹیکس کنسلٹنٹس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پی ایف سی نے فرنیچر کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کیلئے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کیے ہیں۔ امریکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی متنوع فرنیچر انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی نئی راہیں تلاش کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ مارکیٹ میں بہتری کے رجحان کی وجہ سے فرنیچر کی برآمدات کے حجم میں اضافے کی وسیع گنجائش موجود ہے، کیونکہ امریکی اور یورپی منڈیوں میں گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ دفتری اور فرنیچر و لکڑی کی مصنوعات کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ ہم بڑھتی ہوئی عالمی مانگ کے مطابق فرنیچر کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے خصوصی کوششیں کر رہے ہیں۔ وفد ان شعبوں میں جدید ترین مصنوعات اور ٹیکنالوجی کے استعمال کا بھی جائزہ لیا ہے۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ اس طرح کے کاروباری دورے پاکستانی فرنیچر مینوفیکچررز کیلئے بین الاقوامی فرنیچر مارکیٹوں میں سالانہ ایک بلین ڈالر سے زیادہ کے برآمدی ہدف کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے لکڑی کے فرنیچر کے بڑے خریدار برطانیہ، امریکا، سری لنکا اور خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، عمان اور کویت ہیں۔ امریکا زیادہ تر بیڈروم فرنیچر جبکہ برطانیہ اور خلیجی ممالک کچن و آفس فرنیچر درآمد کرتے ہیں۔