• news

دو ججز کا فیصلہ ہمارے بیانیے کی جیت ، بدنامی عمران کے سہولت کار کا مقدر : مریم نواز 


لاہور+ اسلام آباد (نیٹ نیوز+ خبر نگار) مریم نواز نے کہا ہے جس نے بھی عمران خان کی سہولت کاری کی، بدنامی و رسوائی اس کا مقدر بنی۔ ایک ٹویٹ کے جواب میں مریم نواز نے لکھا کہ عمران ایک فارن ایجنٹ ہے جس کی ذمہ داری پاکستان میں فتنہ و انتشار پیدا کرنا ہے تاکہ یہ ملک آگے نہ بڑھ پائے۔ جو ہاتھ اس شیطانی کھیل کی مضبوطی کیلئے اٹھتا ہے اسے اس کا حصہ تصور کیا جائے۔ دوسری جانب مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ نواز شریف کے خلاف فیصلے، گواہیاں عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ترجمانوں کے اجلاس میں عمران خان اور اس کے سہولت کاروں کے بارے میں تمام حقائق عوام کے سامنے لانے کی حکمت عملی بھی تیار کی گئی۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا ماضی بن چکا ہے، اب ہمیں پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے۔ جسٹس منصور علی اور جسٹس مندوخیل کا فیصلہ بنچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانیے کی جیت ہے، بنچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ تصور ہو گا؟۔ عمران اپنے کرپشن مقدمات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ ٹیریان، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ مقدمات میں عمران خان کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ عدلیہ میں موجود عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کریں، نواز شریف کے مقدمے میں آئین اور قانون کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے۔ دس نمبریوں کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ لوٹ مار کریں۔ یہ دس نکاتی ایجنڈا نہیں 10 جھوٹ ہیں۔ یہ جھوٹ کا ایجنڈا ہے جسے نئے نام سے پھر دہرایا جا رہا ہے۔ نوے دن میں کرپشن ختم کرنے کی بجائے پاکستان میں کرپشن 14 درجے پھر بڑھ گئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن